سٹی 42 : دہشتگردی کے دور میں بھی پرامن رہنے والے لاہور میں قتل کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا،24 گھنٹوں کے دوران تین وارداتوں میں 8 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔تازہ واردات میں پروفیسر کو قتل کردیا گیا۔
شاہدرہ ٹاون میں نامعلوم برقع پوش افراد نے فائرنگ کر کے کامونکی کالج کے پروفیسر ذوالفقار کو قتل کر دیا ،واردات کی سی سی ٹی وی منظر عام پر آ گئی۔
شاہدرہ ٹاون کے علاقے برکت ٹائون کا رہائشی ذوالفقار صبح سویرے دودھ لینے کے لئے گھر سے نکلا کہ اسی دوران پہلے سے گھات لگائے ملزمان نے ذوالفقار کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ،واردات کی سی سی ٹی وی میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک برقع پوش ملزم پہلے سے گھر کے سامنے بیٹھا ہے اور دوسرا ملزم موٹرسائیکل پر موجود تھا۔
ملزمان نے ڈرامائی انداز میں ذوالفقار کو قتل کیا اور موٹرسائیکل پر فرار ہو گئے،مقتول ذوالفقار کامونکی کالج کا پروفیسر تھا جس کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر کے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
یاد رہے گزشتہ رات گرین ٹائون میں 3 بچوں اور والد کو قتل کردیا گیا،باغبانپورہ کےعلاقے احمد ٹاؤن میں گھر سے 3 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں،مرنے والوں میں وقاص،اسکی بیوی اور بچی شامل ہیں۔