(قذافی بٹ ) وزیراعظم نے پنجاب کے بڑے ہسپتالوں میں شیلٹر ہومز بنانے کی منظوری دے دی جبکہ سیاحتی فروغ کیلئے مختلف اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایات جاری، وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقوں کی دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے ایوان وزیراعلی میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب نے ون آن ون ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ملاقات میں وزیر اعظم کو مختلف منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج معالجے کے حوالے سے کیے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم کی صدارت میں ہونیوالے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پنجاب کے بڑے ہسپتالوں میں شیلٹر ہومز بنانے کی منظوری دی گئی، پہلے مرحلے میں لاہور کے پانچ بڑے ہسپتالوں میں شیلٹر ہومز بنائے جائیں گے۔ شیلٹر ہومز بنانے کیلئے اپٹما کے گروپ لیڈر گوہر اعجاز کی سربراہی میں پانچ ممبر پر مشتمل بورڈ بھی تشکیل دیدیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے کمزور طبقوں کی دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ہے، ریاست احساس کا نام ہے جو کمزور طبقوں کا سہارا بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گھر اور مستحق افراد کا سہارا بننے کی مہم میں مخیر حضرات کا بڑھ چڑھ کر حصہ لینا حوصلہ افزاء ہے۔ سیاحت کے فروغ کے حوالے سے صوبائی وزیر سیاحت راجہ یاسر ہمایوں نے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔