مانیٹرنگ ڈیسک: رواں مالی سال کے دوران10بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت 18 کروڑ 84 لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے۔
اقتصادی سروے میں بتایا گیا کہ پاکستان تخفیف غربت فنڈ کے تحت اب تک صحت، تعلیم، پانی اور انفراسٹرکچر کے 38 ہزار 900 منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔رواں مالی سال کے دوران پاکستان ریلویز کی آمدن 39,950 ملین روپے رہی۔ ٹیکس کٹوتی کے بعد پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے منافع میں879فیصد کا اضافہ ہوا۔
رواں سال ملک میں کاروں کی پیداوار میں 47.3 فیصد کمی واقع ہوئی، گذشتہ مالی سال 2021-22 میں یہ پیداوار ایک لاکھ 66 ہزار 768 تھی جو رواں مالی سال میں کم ہو کر 87 ہزار 820 رہ گئی۔
ٹریکٹرز کی پیداوار 41 ہزار 872 تھی جو رواں مالی سال کے دوران 46 فیصد کی کمی کے ساتھ 22 ہزار626پر آ گئی۔ بسوں کی پیداوار 606 رہی جبکہ اس کے مقابلہ میں 2021-22 کے دوران یہ تعداد 459 تھی۔ رواں مالی سال کے دوران 2 ہزار 677 ٹرکوں کی پیداوار ہوئی جبکہ گذشتہ مالی سال کے دوران یہ تعداد 4 ہزار 445 تھی۔
سروے کے مطابق بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام کے تحت ایک کروڑ 18 لاکھ بچے اس وقت تک رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ سروے کے مطابق پاکستان کی کل آبادی 22 کروڑ 92 لاکھ 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔