(ویب ڈیسک)عامرلیاقت حسین کی تدفین کراچی میں حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطہ میں کی جائے گی،عامر لیاقت حسین کی قبر کی کھدائی شروع کردی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنی زندگی میں ہی حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں پانچ قبروں کی بکنگ کرادی تھی، ان کی وصیت تھی کہ مرنے کے بعد اسی قبرستان میں سپردخاک کیا جائے۔
مزار انتظامیہ کے مطابق عامر لیاقت حسین نے پانچ قبروں کی اجازت لی تھی ان میں ایک قبر بچی تھی جس میں عامر لیاقت کو دفن کیا جائیگا۔عامر لیاقت کے اہل خانہ کی رضامندی کے بعد قبر کی تیاری شروع کردی گئی ۔
واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین آج انتقال کر گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق ملازم جب عامر لیاقت کے کمرے میں گئے تو وہ بے ہوش پڑے تھے۔ ملازم نے عامر لیاقت کو ہسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔