(شہزاد خان)صدرانجمن تاجران لاہورمجاہد مقصود بٹ کی زیر صدارت تاجر قائدین کا اہم اجلاس منعقد ہوا،تاجر قائدین نے ہفتہ وار چھٹی ختم کرنے کے حکومتی فیصلے کو سراہا اور اسے خوش آئند قرار دیدیا۔
تفصیلات کےمطابق ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ اہم اجلاس میں جنرل سیکرٹری انجمن تاجران آل پاکستان عبدالرزاق ببر ،حاجی راحت،محمد عرفان سونی،محمد علی افضل،سعید مغل،وقارعلی ،فیصل یاسین بٹ،حافظ شیخ علاؤالدین سمیت دیگر تاجراں نے شرکت کی،اجلاس میں لاک ڈاؤن،مارکیٹوں میں پارکنگ مسائل اوربجٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھئے: این سی او سی اجلاس،ہفتہ وار 2 روزہ پابندی ایک دن تک محدود کرنے کا فیصلہ
اجلاس میں شریک تاجروں نے مارکیٹوں میں چوری وڈکیتی کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہارکیا،صدر لاہور مجاہد مقصود بٹ نے کہا کہ ہفتے کی چھٹی ختم کرنا تاجروں کے لئے اچھی خبرہے،ہفتے کی چھٹی ختم کرنے کا مطالبہ پورا کرنے پر وفاقی اور پنجاب حکومت کے شکرگزار ہیں.
واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے تمام سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کے لیے ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی جبکہ کاروبار ہفتے میں دو دن کے بجائے ایک دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا تھا۔
این سی او سی کا ویکسینیشن کی حوصلہ افزائی کے لیے مختلف مراعات دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، 11 جون سے تمام ویکسی نیشن سنٹرز 8 بجے سے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ ویکسینیشن سنٹرز کو اتوار کی بجائے جمعہ کو کھلا رکھنےکافیصلہ کیا گیا ہے, 11 جون سے 18 سال سے زائد عمر کے تمام شہری واک ان ویکسی نیشن کروا سکیں گے.
این سی او سی نے ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹس کی تصدیق کے لیے جون کے آخر تک آئی ٹی طریقہ کار اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ این سی او سی کی جانب سے این پی آئیز کےحوالے سے بھی اہم فیصلے کیے گئے ہیں، ہفتہ وار 2 روزہ پابندی ایک دن تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جمز میں ویکسی نیشن کروانے کے بعد ان ڈور سہولت استعمال کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ مخصوص نان کنٹیکٹ سپورٹس پر پابندی ختم کرنے اورمزاروں پرعائد پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔