ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ پنجاب نے موبائل ملک ٹیسٹنگ لیب کا افتتاح کردیا

وزیراعلیٰ پنجاب نے موبائل ملک ٹیسٹنگ لیب کا افتتاح کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی اکبر) حکومت کا شہریوں کو ملاوٹ سے پاک دودھ فراہم کرنے کیلئے بڑا اقدام، دودھ کی کوالٹی چیک کرنے کیلئے 6 موبائل ملک ٹیسٹنگ لیبارٹریز میدان میں آ گئیں،  پنجاب فوڈ اتھارٹی کا 10موٹر سائیکلوں پر مشتمل بائیک سکواڈ بھی ان ایکشن ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے موبائل ملک ٹیسٹنگ لیبارٹریز اور بائیک سکواڈ کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ملک ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی گاڑیوں اور بائیک سکواڈ کی موٹر سائیکلوں کا معائنہ کیا۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان میمن نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پہلے مرحلے میں موبائل ملک ٹیسٹنگ لیبارٹریز لاہور کے 6 داخلی راستوں پر دودھ کی کوالٹی کو چیک کریں گی۔ٹھوکر نیاز بیگ، راوی ٹول پلازہ، بھوبتیاں چوک، سگیاں پل، گجومتہ اور بابوصابو پر صبح اور شام مختلف اوقات میں دودھ لے کر آنے والی گاڑیوں کو چیک کیا جائے گا۔

لاہور میں بغیر چیکنگ اور ٹیسٹنگ کے دودھ کی کوئی گاڑی داخل نہیں ہوسکے گی۔لاہور کے بعد موبائل ملک ٹیسٹنگ لیبارٹریز اور بائیک سکواڈ کا دائرہ کار ہر ڈویژن تک بڑھائیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے پنجاب کے ہر ضلع میں بھی موبائل ملک ٹیسٹنگ لیبارٹریز اور بائیک سکواڈ کا دائرہ کار بڑھانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بائیک سکواڈ تنگ گلیوں اور گلی محلوں میں جا کر اشیائے خورد و نوش کی کوالٹی کو چیک کرے گا۔بائیک سکواڈ لائسنس انسپکشن بھی کر سکے گا۔بائیک سکواڈ ملاوٹ اور غیر معیاری اشیاء کی شکایت کے ازالے کیلئے تشکیل دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملاوٹ مافیاکسی رعایت کا مستحق نہیں۔شہریوں کو حفظان صحت کے مطابق معیاری خوراک مہیا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ملاوٹ مافیاکو انسانی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔خالص خوراک ہرشہری کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی صحت سے کھیلنے والے ملاوٹ مافیا کی سرکوبی ضروری ہے۔

حکومت پنجاب فوڈ اتھارٹی کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی۔ صحت مند خوراک کی فراہمی یقینی بنا کر ہسپتالوں میں رش کم کیا جا سکتاہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کے مفاد کے سامنے کسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لائیں گے اور صوبے کے عوام کو خالص غذا کی فراہمی کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موبائل لیبارٹریز کے ذریعے 2 منٹ میں دودھ کا ٹیسٹ ہو گا۔لاہور سے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان،صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر، چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer