قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ سے قبل پی سی بی کا بڑا فیصلہ

9 Jun, 2020 | 03:18 PM

Sughra Afzal
Read more!

(حافظ شہباز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ کیلئے سابق کپتان یونس خان اور سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد کی خدمات حاصل کرلیں، یونس خان نے قومی ٹیم کیساتھ منسلک ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔


قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ سے قبل پی سی بی کا بڑا فیصلہ، مشکل دورے میں بلے بازوں کو مشکلات سے بچانے کیلئے سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس خان کو قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا، سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد کو قومی ٹیم کا اسپن باؤلنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق دونوں کوچز کی تقرری ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس سے مشاورت کے بعد کی گئی ہے، یونس اور مشتاق احمد کی تقرری کا مقصد مصباح الحق اور وقار یونس پر ورک لوڈ کم کرنا ہے۔


پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے یونس خان کی تقرری کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق کپتان کی ڈریسنگ روم میں موجودگی کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

وسیم خان نے  کہا کہ یونس خان شاندار بیٹنگ ریکارڈ کے حامل کرکٹر ہیں، انگلینڈ جیسے اہم دورے کیلئے یونس خان سے جب رابطہ کیا گیا تو اپنی خدمات پیش کرنے کیلئے ان کا جذبہ دیدنی تھا۔

سابق کپتان یونس خان نے اپنی تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر میرے لئے کچھ اہم نہیں، کوشش کریں گے کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز میں کامیابی حاصل کریں۔

یونس خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں باصلاحیت کرکٹرز موجود ہیں، وہ مصباح الحق، وقاریونس اور مشتاق احمد کے ساتھ ملکر کوشش کریں گے کہ ان باصلاحیت کرکٹرز کو بہتر انداز میں مقابلے کے لیے تیار کرسکیں اور ان کی رہنمائی کر سکیں۔

دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیم نے تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنا ہیں، پی سی بی دورے کی تفصیلات کا اعلان بعد میں کرے گا۔

مزیدخبریں