پٹرول پمپس پر نو سپلائی کے بورڈ آویزاں،شہری ذلیل وخوار

9 Jun, 2020 | 02:21 PM

Azhar Thiraj

 شہزاد خان ابدالی:شہر میں پٹرولیم مصنوعات کا بحران جوں کا توں موجود ۔مختلف علاقوں میں واقع پٹرول پمپس پر نوسپلائی کے بورڈ آویزاں کردیئے گئے۔تبدیلی سرکار نے بھی عوام کو آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا۔


صوبائی دارالحکومت میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا بحران جاری ہے،منگل کے روز بھی عوام پٹرولیم مصنوعات کی تلاش میں خوار ہوتے رہے،کینال روڈ ،مغلپورہ، جوڑے پل،صدر ،شالیمار لنک روڈ،گلشن راوی،بند روڈ،جیل روڈ سمیت دیگر علاقوں میں شہری پٹرول کی تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے۔غصے سے بپھرےعوام نےسوال کیا کہ کیا آئل مارکیٹنگ کمپنیاں تبدیلی سرکار سے زیادہ طاقتور ہیں۔


جوڑے پل ،ضرار شہید روڈ،رنگ روڈ کے اطراف پٹرول پمپس پر پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی نہ پہنچ سکی،بعض علاقوں میں پٹرول بلیک میں مہنگے داموں فروخت ہوتا رہا۔ شہریوں نے غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول بحران میں وفاقی حکومت آئل مارکیٹنگ مافیا کے سامنے بے بس ولاچار نظر آتی ہے۔


پٹرولیم ڈیلرز نے بھی پٹرولیم مصنوعات کےبحران پر وفاقی حکومت پر شدید تنقید کی۔ ڈیلرز کہتے ہیں وفاقی حکومت پٹرولیم مصنوعات کے بحران میں غیر سنجیدہ رہی اور عوام خوار ہور ہے ہیں۔ پیٹرولیم ریٹیلرز سمیر گلزار کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی صورتحال خراب سے خراب تر ہورہی ہے، قومی کمپنی بدستور شہر کی بڑی ضرورت پوری کررہی ہے جب کہ کچھ آئل مارکیٹنگ کمپنینز جزوی سپلائی دے رہی ہیں۔

واضح رہے کہ  پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد یکم جون سے ملک بھر کے پیٹرول پمپس پر پیٹرول نہ ملنے کی شکایات ہیں اور حکومت اب تک اس مسئلے کو حل کرنے میں ناکام ہے۔ وفاقی حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کے بعد تیل کی  مصنوعی قلت پیدا کی ہے،چھوٹے شہروں،قصبوں میں بہت بری حالت ہے۔

مزیدخبریں