لوئر مال (عابد چودھری، عثمان علیم ) لاک ڈاؤن اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں، پولیس نے ایک ہزار دکانیں سیل کردیں جبکہ ماسک نہ پہننے پر 3100 چالان کیے گئے۔
ایس ایس پی آپریشنز عبادت نثار کے مطابق ڈویژنل افسروں نے شہر بھر میں 193 مارکیٹس، 4 ہزار 951 دکانوں کو چیک کیا اور لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر ایک ہزار کے قریب دکانوں کو سیل کیا گیا، کورونا ایس او پیز اور لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 2 ہزار 832 دکانداروں کو وارننگ بھی دی گئی، سٹی ٹریفک پولیس نے بھی بغیر ماسک ڈرائیونگ پر 3 ہزار 60 موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو چالان کیے۔ ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ کورونا متعلقہ حکومتی گائیڈ لائنز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جارہا ہے۔
علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر دانش افضال اور اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان رانجھا نے بھی مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 24 دکانوں کوسیل کر دیا۔ افسروں نے انارکلی، اچھرہ، مال روڈ، ہال روڈ کا دورہ کیا اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا،جبکہ دکانداروں اور شہریوں کو تمام تر حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کی ہدایات دی۔
ڈپٹی کمشنر دانش افضال کا کہنا ہے کہ شہری سماجی فاصلہ اور فیس ماسک کیاستعمال کو یقینی بنائیں۔تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لے رہے ہیں۔
اعداد وشمار کے مطابق لاک ڈاون اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 133 مقدمات درج کر کے 9 سو سے زائد دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔