شہباز شریف جاتے جاتے قومی خزانہ اپنے چہیتوں پر لٹا گئے

9 Jun, 2018 | 12:20 PM

Sughra Afzal
Read more!

(عرفان ملک) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے جاتے جاتے قومی خزانہ اپنی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر لٹا دیا  ، سابق وزیراعلیٰ کی سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کو اعزازیہ دینے کے لیے آئی جی پنجاب کو 2 کروڑ 69 لاکھ 82 ہزار روپے کے فنڈز جاری کر دیئے گئے۔

 تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے سی ایم سیکرٹریٹ میں سکیورٹی ڈیوٹی کرنے والے افسران اور اہلکاروں کو ایک ایک اعزازیہ تنخواہ دینے کے احکامات دیئے تھے جس پر آئی جی پنجاب کو ملنے والے فنڈز میں سے لاہور پولیس کے اہلکاروں کا اعزازیہ بھی انکے افسران کو بھجوا دیا گیا ہے۔آئی جی پنجاب کی جانب سے لاہور پولیس کو 54 لاکھ 79 ہزار 540 روپے، سی ٹی او رائے اعجاز کو 4لاکھ 53 ہزار روپے، ڈی آئی جی اپریشنز لاہور کو 30 لاکھ 45 ہزار 640 روپے اور ایس ایس پی ایڈمن کو 7 لاکھ 460 روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق ڈی ائی جی انویسٹی گیشنز کو 36 ہزار 960 روپے، ڈی آئی جی سکیورٹی کو 4 لاکھ 57 ہزار 860 روپے، ایس پی سکیورٹی سی ایم اور سپیشل برانچ کو 5 لاکھ 9 ہزار 960 روپے، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ کو 65 ہزار 580 روپے، اور ایس پی سپیشل برانچ کو 1 لاکھ 13 ہزار 640 روپے کے فنڈز جاری ہوئے ہیں۔

سابق وزیر اعلٰی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے سکیورٹی ڈویژن کے اہلکاروں کے لیے اعزازیہ کے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں لیکن دو روز گزرنے کے باوجود تاحال اہلکاروں اور افسران کو اعزازیہ کی رقم کے پیسے نہیں مل سکے جس کا انہیں بے صبری سے انتظار بھی ہے۔

مزیدخبریں