لاہور میں دو محرم کی مجالس اور جلوس، فول پروف سکیورٹی، انتظامیہ ہائی الرٹ

9 Jul, 2024 | 11:38 PM

اسرار خان:   لاہور میں دو محرم الحرام کو  درجنوں مقامات پر عزاداری کی مجالس برپا ہوئیں اور اندرون شہر سے دو محرم کا جلوس نکالا گیا جو مقررہ روایتی راستوں سے ہوتا ہوا بازار حکیماں میں اختتام پذیر ہوا۔ مجالس میں علما اور ذاکرین نے  فلسقہِ شہادت پر روشنی ڈالی اور اہلِ قافلہِ کرب و بلا کے فضائل و مصائب بیان کئے۔

محرم کے اول عشرہ کی مجالس کے موقع پر لاہور شہر اور گرد و نواح میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ پولیس کے سینئیر افسروں نے خود سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے امام بارگاہوں کے دورے کئے۔

ڈی آئی جی آپریشنزم فیصل کامران نے خیمہ سادات اندرون لاہورکا دورہ کا دورہ کیا۔ اور  عزاداری کی مجالس اور جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے  مجالس اور جلوسوں میں شرکت کے لئے آنے والے عزاداروں کی تلاشی اور نگرانی کے  میکانزم کا بھی معائنہ کیا۔
 فیصل کامران نے سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات افسران و اہلکاروں سے ملاقات کے دوران ہدایت کی کہ مجالس وجلوسوں میں داخلے سے قبل ہر فرد کی تلاشی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے پٹرولنگ ٹیموں کو امام بارگاہوں سے ملحقہ سڑکوں پر موثر گشت یقینی بنانے کی ہدایت بھی   کی اور کہا کہ  موٹر سائیکل، گاڑیوں کو مناسب فاصلے پر پارک کروایا جائے، مجالس اور جلوسوں کے طے شدہ اوقات کار کی پابندی کو بھی  یقینی بنایاجائے۔

لاہور میں ہائی الرٹ

صوبائی دارالحکومت میں محرم الحرام کے حوالہ سے سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
ایس پی ڈولفن شاہ میر خالد نے مختلف سیکٹرز کا دورہ کیا اور سکیورٹی پر مامور ٹیموں سے ملاقات کی۔ انہوں  نے محرم الحرام میں الرٹ ہوکر سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی۔

ایس پی ڈولفن نے اپنے سٹاف کو ہدایت کی کہ ای پولیس ایپ کی مدد سے مشتبہ افراد کا ڈیٹا چیک کیا جائے۔ انہوں نے ڈیوٹی پر مامور افسران،جوانوں کو شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ  متنازعہ فلیکسز،وال چاکنگ کی تشہیر کسی صورت نہیں کی جائے گی۔

 مرکزی جلوس کے روٹ کا جائزہ

ایس پی سٹی قاضی علی رضا  نے 2محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کیا۔
ایس ایس پی آپریشنز تصور اقبال ،اے ایس پی نولکھا شازیہ اسحاق بھی ہمراہ تھے۔
جلوس بھاٹی گیٹ کے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا بازار حکیماں پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔
ایس ایس پی آپریشنز تصور اقبال اور ایس پی سٹی قاضی علی رضا نے تمام پوائنٹس کا جائزہ لیا۔
جلوس کے روٹ میں آنے والے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو چیک کیا گیا۔ انہوں نے  ڈیوٹی پر مامور تمام افسران اور اہلکاروں کو چیک کیا گیا، الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ  تمام افراد کو چیکنگ کے بعد جلوس میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے۔ جلوس کے روٹ پر واقع اونچی عمارتوں پر بھی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

مزیدخبریں