نبیل کمبوہ: گارڈن ٹاون میں ایک ٹک شاپ پر تین گاہک لڑکیوں کے تھپڑوں کا نشانہ بننے والے سیلزمین نے تھانے میں تشدد کی درخواست دے دی۔
سیلز مین کو تھپڑ مارنے والی لڑکیوں نے پہلے تھانے میں درخواست دی تھی کہ سیلز مین نے انہیں ہراساں کیا تھا۔ پولیس نے پہلے اس درخواست پر مقدمہ درج کر لیا پھر سوشل میڈیا پر اس واقعہ کی ایک ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے سیلزمین کے خلاف مقدمہ خارج کردیا تھا ۔ اب سیلزمین نے لڑکیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دی ہے۔
سیلزمین یوسف کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کو دیکھ کر کوئی کمنٹس نہیں کیے ۔وہ اپنے ساتھی ملازم کے ساتھ کسی اور بات پر مذاق کرتے ہوئے ہنس رہا تھا ۔ لڑکیوں نے اس کے ہنسنے پر ہراساں کرنے کا الزام لگا کر تشدد کیا اور مقدمہ درج کروایا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن کو تینوں لڑکیوں اور سیلز مین نے بیان ریکارڈ کروا دیا ہے ۔ پولیس نے بھی تصدیق کی ہے کہ سیلز مین یوسف نے لڑکیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست دی ہے اورپولیس حقائق کی چھان بین کے بعد کارروائی کرے گی ۔