سٹی42: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے راولپنڈی کے ملحقہ علاقے میں ڈور پھرنے سے 7 سالہ بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آبادپولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے جاں بحق بچی کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ معصوم بچی کے سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں،پتنگ بازی پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے اسلام آباد میں پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
وزیرداخلہ کی ہدایت پر اسلام آبادپولیس نے راولپنڈی سے ملحقہ علاقوں میں پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جس دوران 39 چھاپے مارے گئے اور 23 افراد کو گرفتار کیا۔