بابر اعظم کپتان برقرار رہیں گے؟ چیئرمین پی سی بی نے واضح کردیا

9 Jul, 2024 | 02:06 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے فی الحال بابراعظم کی کپتانی سے متعلق کوئی فیصلہ نہ ہونے کی تصدیق کردی۔

 تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے لاہور کے نجی ہوٹل میں سابق اور موجودہ کرکٹرز سے طویل ملاقات کی، سابق کرکٹرز نے ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط بنیادوں پر کھڑا کرنے کے لیے تجاویز پیش کیں۔ملاقات کے دوران سابق کرکٹرز نے قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے سفارشات پیش کیں، جب کہ کھلاڑیوں کی فٹنس اور ٹی 20 ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی پر بھی گفتگو کی گئی۔

 ملاقات کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ کاانفراسٹرکچر بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا، 4 روزہ میچز اور انڈر 19 کے ٹورنامنٹس کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا، جب کہ سابق کرکٹرز نے ونٹر سیزن کے ساتھ سمر سیزن میں بھی کرکٹ ٹورنامنٹس کرانے کی تجویز دی۔سابق کرکٹرز نے چیئرمین پی سی بی کو پشاور اور دیگر شہروں میں کرکٹ اکیڈمیز بنانے کے حوالے سے سفارشات پیش کیں۔

 سابق کرکٹرز نے پاکستانی کوچز کے معیار اور سلیکشن کمیٹی کے اراکین پر تحفظات کا اظہار کیا، اس کے علاوہ پاکستانی پچز کے معیار پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔بعد ازاں، صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے واضح کیا کہ بابراعظم کی کپتانی کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ ملاقات میں کھلاڑیوں کے ساتھ ڈومیسٹک کرکٹرز کے حوالے سے گفتگو ہوئی، کرکٹرز نے فٹنس پر کوئی سمجھوتا نہ کرنے اور ڈومیسٹک کرکٹ بہتر بنانے کا مشورہ دیا ہے۔

 اس سے قبل، ٹی20 ورلڈکپ میں ناکامی پر پاکستان ٹیم کے مستقبل کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے باضابطہ طور پر مشاورت شروع کردی۔ انہوں نے لاہور میں قومی ٹیم کے کوچز سے ملاقات کی، وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود سے ملاقات میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کی وجوہات پوچھی گئیں، جب کہ کوچز کی تجاویز کی روشنی میں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔
 

مزیدخبریں