لاہور ہائیکورٹ نےبجلی کے بلوں میں اضافے پر نیپرا سے جواب طلب کر لیا

9 Jul, 2024 | 01:27 PM

ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ نے 200 یونٹس سے زائد بجلی کے بلوں میں پروٹیکٹو اور نان پروٹیکٹو ٹیرف کی بنیاد پر بے پناہ اضافہ کے خلاف درخواست پر نیپرا سے جواب طلب کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رسال حسن سید نے درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے۔

وکیل درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ بجلی چوری روکنے کے بجائے سارا خسارہ عام صارف پر ڈال دیا گیا، بجلی سپلائی کمپنیاں اووربلنگ میں بھی ملوث ہیں، عام صارف کیلئے 200 یونٹ سے زائد بل پر رعائت ختم کر دی گئی ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ 200 سے زائد یونٹس کے استعمال پر رعایت ختم کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، 200 سے زائد ایک بھی اضافی یونٹ کی قیمت سیکڑوں گنا بڑھانا اور چھ ماہ تک وصولی استحصال ہے۔

وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ نیپرا کی استحصالی پالیسی کو ماورائے آئین قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دیا جائے، جسٹس رسال حسن سید نے ریمارکس دیئے کہ کس بنیاد پر بجلی کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں عدالت کو آگاہ کیا جائے۔

بعدازاں عدالت نے بجلی بلوں میں ہوشربا اضافے کےخلاف درخواست پر نیپرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔

مزیدخبریں