عشرہ محرم کا دوسرا روز ، لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات سخت

9 Jul, 2024 | 11:22 AM

(عرفان ملک)  عشرہ محرم کے دوسرے روز  لاہور میں ہونے والی مجالس میں  2500  سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق  26ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار مجالس وجلوسوں کوتحفظ فراہم کررہےہیں، صوبہ بھر میں 90 عزاداری جلوس برآمد، 3549 مجالس منعقد ہورہی ہیں۔

لاہورمیں آج 2500 افسران و اہلکار محرم سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں،  لاہور میں آج 8 جلوس برآمد ہوں گے اور 388 مجالس منعقد ہورہی ہیں.اس حوالے سے  ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران کا کہنا ہے کہ  شہر میں ہونے والی388 مجالس کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے، عزاداری جلوسوں کیلئے بھی حفاظتی اقدامات مکمل  ہیں۔ سٹی ڈویژ ن میں 5جلوس اور 89مجالس، اقبال ٹاؤن میں1جلوس اور85مجالس، صدر ڈویژن میں1جلوس،64مجالس ،کینٹ 52، سول لائنز40،صدر 65 اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 58مجالس کو  سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔محرم کی سکیورٹی کے ساتھ ساتھ امن وامان کے قیام پر بھی فوکس ہے،  جلوس و مجالس کے اختتام تک تمام افسران وجوان اپنے پوائنٹس پر موجود رہیں گے۔

دوسری جانب  آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی، خواتین عزاداروں کی سکیورٹی کیلئے خواتین اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر دفعہ 144 پر عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے،  ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت آمیز مواد کی تشہیر، اشتعال انگیزی پر پابندی ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس اور مجالس کی اجازت نہیں ہوگی۔

مزیدخبریں