(فاطمہ عارف) شہر لاہور میں سورج کا پارہ پھر چڑھنے سے گرمی اور حبس بڑھنے لگی، ماہرین کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجود درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ بارشوں کا اگلاسپیل 11جولائی سے شہر میں داخل ہو گا۔فضائی آلودگی میں اضافہ ہونے سےایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح 155ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر آ گیا ہے۔ امریکی قونصلیٹ 168،ٹھوکر نیاز میں آلودگی کی شرح 164ریکارڈ، کوٹ لکھپت 114،سید مراتب علی روڈ پر آلودگی کی شرح 161ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم کشمیر ، خیبر پختونخوا،جنوب مشرقی سندھ، شمالی/ جنوب مشرقی بلوچستان جنوبی پنجاب اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔موسلادھار بارش کے باعث زیریں بلوچستان کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کے علاوہ شام/رات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، ادھرخیبرپختونخواکے علاقوں دیر،سوات ، شانگلہ ، بٹگرام، ہری پور، صوابی،مردان، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، ہنگو،کرک، ٹانک، خیبر، مہمند ،باجوڑ،کرم ، لکی مروت، وزیرستان، بنوں اورڈیرہ اسماعیل خان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، صوبہ کے دیگر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ اسی طرح پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔تاہم مری ،گلیات ، اٹک، نارووال ،سیالکوٹ ، لاہور، لیہ، تونسہ ،ڈی جی خان، ملتان، خانیوال، بہاولپور، راجن پور اور رحیم یار خان میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ادھر بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا ۔تاہم ژوب،بارکھان، کوہلو،سبی، ڈیرہ بگٹی،جھل مگسی ، لورالائی،خضدار،آواران، گوادر،لسبیلہ اور گردونواح میں چند مقا مات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ۔ زیریں بلوچستان میں چند مقا مات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔ رپورٹ کے سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورمرطوب رہے گا۔ تاہم جیکب آباد،سکھر،شکارپور،قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ، دادو، پڈعیدن، عمرکوٹ، تھرپارکر ،میر پور خاص ،بدین ،سجاول ، ٹھٹھہ اور کراچی میں چند مقامات پر تیز ہواؤں / آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔