(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کے خلاف ایک ریسٹورنٹ میں چور چور کے نعرے لگ گئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سینئر لیگی رہنما احسن اقبال بھیرہ انٹرچینج پر ایک ریسٹورنٹ میں کھانے پینے گئے تو وہاں انہیں دیکھ کر خواتین اور بچوں نے چور چور کے نعرے لگا دیئے، احسن اقبال نے جواب میں انہیں کہا کہ یہ عمران خان کے جاہل ہیں، واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔
احسن اقبال نے بتایا کہ میں کافی لینے کےلیے کاؤنٹر پر کھڑا تھا، وہاں ایک فیملی میرے پاس آئی جس نے آتے ہی میرے ساتھ بدتمیزی اور چور چور کے نعرے لگانے شروع کردیے۔
احسن اقبال نے بتایا کہ میں نے ان سے کہا کہ آئیں ہاتھ اٹھائیں جس نے چوری کی ہے اس پر خدا کی لعنت ہو اور اگر کوئی کسی پر جھوٹا الزام لگارہا ہے تو اس جھوٹے الزام لگانے والے پر خدا کی لعنت ہو ، آمین کہیں تو وہ لوگ کچھ کہے بغیر چور چور کہتے ہوئے چلے گئے۔
کوئی بتا سکتا ہے کہ یہ کس شہر میں احسن اقبال کا شہریوں نے گھیراؤ کیا ہے ؟ pic.twitter.com/bUVOXMOyL2
— Imran_Muhammad (@MannMuhammad) July 8, 2022
احسن اقبال نے سی سی ٹی وی کیمرے سے نعرے لگانے والی فیملی کی جو تصاویر شیئر کیں ان میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پس منظر میں ٹی وی لگا ہے جس میں عمران خان کی کہوٹہ کے انتخابی جلسے میں تقریر نشر ہورہی ہے۔