ڈیفنس (سٹی42) اداکار و کامیڈین یاسر حسین نے اہلیہ اداکارہ اقرا عزیز سے متعلق بتایا ہے کہ وہ شادی کے بعد کم ڈراموں میں اداکاری کیوں کر رہی ہیں اور ان کا ہر ڈرامہ کیوں ہٹ ہورہا ہے۔
یاسر حسین نے کچھ دن قبل نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی تھی جہاں انہوں نے اپنے کام کے علاوہ شادی کے بعد کی زندگی کے بارے میں گفتگو کی، اداکار کا شادی کے بعد ڈراموں میں کم کام کرنے کے حوالے سے کہنا تھا کہ میں نے شادی کے بعد اقرا سے کہا تھا کہ ہمیں زیادہ وقت ایک دوسرے کے ساتھ گزارنا چاہیے، بجائے اس کے کہ تم الگ شوٹ پر ہو اور میں الگ اس سے بہتر ہے کہ ہم ایک یا ڈیڑھ سال ایک ساتھ گزارتے ہیں۔
یاسر نے بتایا کہ یہی وجہ ہے کہ شادی کے بعد ہم نے بہت کم کام کیا جبکہ آج کل تو بالکل کام نہیں کر رہے، اب اقرا کا بھی دل نہیں کرتا وہ بہت دیکھ بھال کر اسکرپٹ کا انتخاب کرتی ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ اس کا ہر ڈرامہ مقبول ہو رہا ہے۔
واضح رہےکہ 28دسمبر 2019 کو اقر عزیز اور یاسر حسین شادی کے بندھن میں بندھے، اقرا عزیز نے اپنی زندگی کے سب سے اہم دِن کے موقع پر سُرخ رنگ کا عروسی لباس زیب تن کیا تھا جبکہ اُن کے شوہر یاسر حسین نے آف وائٹ رنگ کی خوبصورت شیروانی پہنی تھی۔