پی سی بی کا میچ آفیشلز کے معاوضوں میں اضافے کا فیصلہ

9 Jul, 2020 | 11:46 PM

Arslan Sheikh

( حافظ شہباز علی ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ میں میچ آفیشلز کے معاوضوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق میچ آفیشلز کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے ان کے معاوضوں اور میچ فیس میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل 16 امپائرز اور چھ میچ ریفریز کے معاہدے برقرار رکھنے کے ساتھ مزید امپائرز اور میچ ریفریز کو بھی کنٹریکٹ دینے پر غور جاری ہے۔

دوسری جانب میچ آفیشلز کے معاوضوں، ڈیلی الاؤنس اور میچ فیس میں 30 فی صد تک اضافہ کیا جائے گا۔ میچ آفیشلز کے ساتھ اسکوررز کی میچ فیس میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ پی سی بی حکام میچ آفیشلز کی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد کنٹریکٹ کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

ادھر کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث دیگر شعبہ ہائے زندگی کی طرح کھیلوں کا شعبہ بھی بری طرح متاثر ہے۔ 15 مارچ سے ملک میں ہر سطح پر کرکٹ سرگرمیاں معطل ہونے کی وجہ سے جہاں میدان ویران ہیں، وہیں پر ان سرگرمیوں سے وابستہ افراد بھی معاشی مشکلات کا شکار ہوچکے ہیں۔ کرکٹ کے لوکل امپائرز اور اسکوررز جن کا روز گار کرکٹ سے وابستہ ہے وہ بھی شدید مالی مشکلات کا شکا ر ہیں۔

لوکل امپائرز اور سکوررز کہتے ہیں کہ 15 مارچ سے جولائی کے آخر تک بھرپور کرکٹ سیزن ہوتا ہے مگر اس مرتبہ کرکٹ نہ ہونے کے باعث وہ مالی مشکلات کاشکارہیں،۔ لوکل امپائرز اور اسکوررز نے بورڈ حکام سے اپیل کی ہے کہ ایس اوپیز کے تحت کرکٹ کی سرگرمیاں بحال کی جائیں۔

کوویڈ 19 کے باعث پی سی بی کا ڈومیسٹک کرکٹ سیزن بھی دوماہ تاخیر کا شکار ہے، ا س معاملے پر پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ کرکٹ بحالی کیلئے ایس او پیز کی تیاری کا کام جاری ہے۔ حکومت کی اجازت کیساتھ کرکٹ سرگرمیاں بحال کردی جائیں گی۔

مزیدخبریں