( سعید احمد سعید ) سگریٹ نوشی کیخلاف سی اے اے کا بڑا اقدام، جہازوں میں سگریٹ نوشی کرنے والے پائلٹس ہوجائیں ہوشیار، سگریٹ نوشی لائسنس معطل کرنے کا سبب بھی بن سکتی ہے۔
سی اے اے کے انتباہ کے مطابق دوران پرواز کاک پٹ میں سگریٹ نوشی کر نے والے کپتان اور فرسٹ آفیسر کے لائسنس بھی معطل کیے جاسکتے ہیں۔ سی اے اے کے ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈ نے احکامات جاری کر دیئے۔ پائلٹس کی جانب سے دوران پرواز تمباکو نوشی قوانین کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔ سی اے اے کیجانب سے جاری کردہ مراسلے کےمطابق طیارے میں سگریٹ یا الیکٹرانک سگریٹ کی ممانعت ہے۔
تمباکو نوشی کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جاسکتی ہے، تمباکونوشی کی شکایت کپتان اور فرسٹ آفیسرایک دوسرے کے خلاف کر سکتے ہیں جبکہ کیبن کریو اور گراؤنڈ اسٹاف بھی شکایات درج کراسکتا ہے۔
سول ایوی ایشن کے مطابق تمباکو نوشی کے مرتکب کاک پٹ کریو کو گراؤنڈ کرنے کے علاوہ جرمانہ بھی کیا جائیگا۔ تمباکو نوشی کی شکایت درج کرانے والے کے خلاف کسی قسم کی انتقامی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ مسافر بھی اگر پائلٹ کو سگریٹ نوشی کرتے دیکھ لے تو اس کی شکایت پر بھی کارروائی ہوگی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے دوران پرواز سگریٹ نوشی پر پہلے ہی پابندی عائد کر رکھی ہوئی ہے۔