پہلے ہاں ہوئی پھر شادی،کھیل سے محبت میں بدلنے والی انوکھی کہانی

9 Jul, 2020 | 03:28 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42:پہلے ہاں ہوئی پھر شادی،کھیل سے محبت میں بدلنے والی پاکستانی جوڑے کی  انوکھی کہانی سامنے آگئی ۔

سوشل میڈیا پر ملاقات اور شادی کی خبریں  کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن یہ بات نئی ضرور ہے کہ آن لائن گیم ’لڈوسٹار‘ کے ذریعے بھی شادی کی خبر سامنے آگئی ہے،نجی  ویب سائٹ کے مطابق رومیسہ نبیل  نامی لڑکی نے بتایا ہے کہ  اس کی  سہیلی کو لڈو سٹارکے ذریعے ایک نوجوان سے محبت ہوئی اور اب ان کی شادی ہو چکی ہے۔ رومیسہ نے اپنی سہیلی کی یہ کہانی فیس بک پر سنائی ہے۔ اس نے لکھا ہے کہ میری سہیلی نے لڈوسٹار کھیلنی شروع کی تو اس نے ایک اجنبی شخص کے ساتھ جوڑی بنا لی۔ یہ شخص اکثر چیٹ میں اسے ’ہائے‘ بول دیا کرتا تھا۔ کچھ دن بعد میری سہیلی نے اس کی لڈوسٹار پر آمدن دیکھی تو وہ حیران رہ گئی کہ وہ اب تک 5ارب سکے کما چکا تھا۔اپنے کزنز سے آگے بڑھنے کے لیے میری سہیلی نے اس آدمی کو جتوانے اور بدلے میں سکے دینے کو کہا۔یہاں سے ان کی گفتگو شروع ہوئی جو نجانے کب محبت میں بدل گئی۔
 
 

رومیسہ نے مزید لکھا کہ ”کافی دن طویل گفتگو کرنے کے بعد ایک روز اس نے میری سہیلی کو شادی کی پیشکش کر دی اور کہا کہ ’کیا میں اپنے ماں باپ کو تمہارے گھر رشتے کے لیے بھیج دوں؟ میری سہیلی کے ہاں کہنے پر اس نے اپنے والدین کو ان کے گھر بھیج دیا۔ ابتداءمیں لڑکی کے والدین اس رشتے پر راضی نہ ہوئے کیونکہ وہ اس کی شادی اس کے ایک کزن کے ساتھ کرنا چاہ رہے تھے۔بہرحال بالآخر وہ رضامند ہو گئے اور یوں چند روز قبل میری اس سہیلی شادی ہوگئی اور لڈوسٹار سے شروع ہونے والی محبت کی یہ کہانی اپنے خوبصورت انجام کو پہنچ گئی۔

مزیدخبریں