لوئر مال( جنید ریاض/ راؤ دلشاد) رواں مون سون سیزن میں 10 سے 20 فیصد زیادہ بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کاخدشہ ہے، پی ڈی ایم اے نے ممکنہ اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے 7 کروڑ 50 لاکھ سے مطلوبہ مشینری کی خریداری کا عمل مکمل کرلیا۔
محکمہ موسمیات نے لاہور میں آج گردآلود ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کردی، موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج لاہور شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 اور کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 67 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ شام کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 53 فیصد رہنے کا امکان ہے.
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز بھی شہر میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے ستمبر تک جاری رہے گا، اگست میں زیادہ بارشوں کا امکان ہے جس سے لاہور اور پنجاب کے ندی نالوں میں طغیانی آئے گی۔
ڈی جی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی راجہ خرم شہزاد عمر نے سٹی42 سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات نے رواں سیزن میں دس سے فیصد تک زیادہ بارشیں ہونے کی پیش گوئی کی ہے، آؤٹ بورڈ موٹر انجن40 ہارس پاور،50 آؤٹ بورڈ موٹرانجن 15 ہارس پاور،50 فائبربوٹس،25 جنریٹرز فائیو کیوی اورتین ہزارلائف جیکٹس کی خریداری کی گئی، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو قبل ازوقت تین تین مرتبہ موک ایکسرسائزز کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے، چار سے پانچ گھنٹے کے بارش کے سپیل کو تین سے چار گھنٹے میں کلیئر کردیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق مون سون سسٹم داخل ہونے سے قبل شہر کے متعدد علاقوں میں واسا کی جانب سے نالوں کی صفائی کا کام شروع بھی نہیں کروایا گیا ، گلبرگ، گلشن روای، شادمان پی آئی سی سمیت دیگر نالوں میں کوڑا تاحال جمع ہے، نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث برسات میں نالے اوور فلو ہونے کا خدشہ ہے جس سے قریبی آبادیاں متاثر ہوسکتی ہیں۔
دوسری جانب پی ایچ اے نے مون سون شجرکاری میں شہر کے ہرزون میں مصنوعی جنگل لگانے کا فیصلہ کر لیا، درختوں اور پودوں کی بڑی تعداد پی ایچ اے کی نرسریوں میں تیار کرلی گئی، سایہ دار اور پھلدار درخت شہرکے حسن کو مزید خوبصورت بنائیں گے۔