مادر ملت فاطمہ جناح کی 52ویں برسی

9 Jul, 2020 | 02:38 PM

Shazia Bashir

سٹی 42: مادر ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی 52ویں برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔ فاطمہ جناح نے بھائی محمدعلی جناح کیساتھ ملکر آزادی تحریک میں اہم ترین کردار ادا کیا۔ فاطمہ جناح آزاد وطن کے حصول کیلئے پیش پیش رہیں۔

 

مادر ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ نے تحریک پاکستان کے دوران نہ صرف مسلم خواتین کی رہنمائی کی بلکہ قائداعظم محمد علی جناح کی بھرپور اخلاقی مدد کرتے ہوئے نئے وطن کے حصول کے مشن میں‌ عملی طور پر انکے ساتھ رہیں۔

 

مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح ؒ 30جولائی 1893 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، انہوں نے برصغیر کی مسلم خواتین کو ایک پلیٹ فارم پرجمع کر کے حصول پاکستان کی منزل کو آسان بنایا۔ قائداعظم کے شانہ بشانہ رہ کر ان کا حوصلہ بڑھاتیں اور سیاسی معاملات میں انھیں قابل عمل مشورے دیتیں۔ ان کی ذات میں بھی وہی اصول اور قائدانہ صلاحیت تھی جو قدرت نے ان کے بھائی کو ودیعت کر رکھی تھی۔

 

پاکستان بننے کے بعد بھی اپنے بھائی کی طرح محترمہ میدان عمل میں متحرک رہیں۔ قائداعظم کی وفات کے بعد قوم کو مایوسی کی کیفیت نے گھیرا تو آپ نے اہل وطن کی رہنمائی کی۔ قوم کو دوبارہ سے قائد کا پیغام یاد کروایا اور اپنی تقاریر سے ان میں نئی روح پھونک دی۔ آپ نے 1964 کے صدارتی انتخابات میں حصہ لیا، 9 جولائی 1967 کو 73 برس کی عمر میں دار فانی سے کوچ کر گئیں، وصیت کے مطابق آ پ کو بھائی قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے پہلو میں دفن کیا گیا

 

دوسری جانب مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی تاریخ ساز خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے حوالےسے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع، لیگی ایم پی اے سعدیہ تیمور کاکہناہےکہ فاطمہ جناح کی زندگی خواتین کیلئے مشعل راہ ہے۔

 

رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ تیمور نے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرواتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا ایوان مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی تاریخ ساز خدمات پر انہیں زبر دست خراج عقیدت پیش کرتا ہے،9 جولائی عظیم خاتون کا یوم وفات ہے۔ محترمہ فاطمہ جناحؒ نے ہمیشہ قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کا ساتھ دیاجبکہ قیام پاکستان کی تحریک میں وہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے شانہ بشانہ جدوجہد کرتی رہیں۔

 

قرارداد میں لیگی ایم پی اے کاکہناتھاکہ فاطمہ جناح ؒ کی زندگی خواتین کیلئے مشعل راہ ہے، محترمہ فاطمہ جناح ؒ کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ جبکہ پنجاب اسمبلی کاایوان محترمہ فاطمہ جناح ؒ کی گراں قدر خدمات پر انہیں زبر دست خراج عقیدت پیش کرتا ہےاور ان کے بلندی درجات کیلئے دعاگو ہے۔

مزیدخبریں