لوئرمال (قیصر کھوکھر) آٹے اور چینی کی ملوں کی انسپکشن کا فیصلہ، سٹاک کے مطابق سپلائی نہ کرنیوالی ملوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا گیا، فیصلہ صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال اور چیف سیکریٹری جواد رفیق ملک کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق آٹے اور چینی کی ملوں کی انسپکشن کا فیصلہ، سٹاک کے مطابق سپلائی نہ کرنیوالی ملوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا گیا، فیصلہ صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال اور چیف سیکریٹری جواد رفیق ملک کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں کمشنر لاہوردانش افضال، سی سی پی او ذوالفقار حمید اور متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔
ڈویژنل کمشنرز، آرپی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی او اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آٹے اور چینی کی ملوں میں موجود سٹاکس کی فیزیکل ویری فیکیشن کی جائے گی اورانتظامی افسر سٹاکس سے متعلق تصدیق شدہ رپورٹس بھجوائیں گے۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ اس معاملے میں تعاون نہ کرنے والی ملوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی.
چیف سیکریٹری نے کہا کہ آٹے اور چینی کی سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، عوام کو ریلیف فراہم نہ کرنے والے انتظامی افسر کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ عید الاضحی کے سلسلے میں مویشی منڈیاں شہروں سے باہر قائم کی جائیں گی۔
دوسری جانب محکمہ خوراک پنجاب نے فلور ملز کو گندم ریلیز کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے بعد صوبے بھر میں فنکشنل فلور ملز کو گندم کی ریلیز شروع کر دی گئی،ترجمان محکمہ خوراک پنجاب نےاپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تمام اضلاع میں آبادی کی بنیاد پر گندم کوٹے کا اجرا شروع کر دیا گیا ہے۔ فلور ملز کو سرکاری گندم ایک ہزار 475 روپے فی من کے حساب سے فراہم کی جائے گی اور سستی سرکاری گندم کے اجرا سے آٹے کی قیمتوں میں استحکام آئے گا۔