سٹی42: بیروت میں لبنان کی پارلیمنٹ نے جنرل جوزف عون کو نیا صدر منتخب کر لیا ہے۔ حزب اللہ نے اپنے صدر کے عہدہ کے امیدوار کو جوزف عون کے حق میں دستبردار کروا لیا تھا۔
صدر کے انتخاب کے لیے آج ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں 128 ارکان میں سے 99 ارکان نے جنرل جوزف عون کے حق میں ووٹ دیا۔
جنرل جوزف عون ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں منتخب ہونے کے لئے درکار دوتہائی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔ آج حزب اللہ کے امیدوار کے پیچھے ہٹ جانے کے بعد انہیں مطلوبہ تعداد میں ووٹ مل گئے۔
سابق صدر میشیل عون کی صدارت کی مدت اکتوبر 2022 میں ختم ہوگئی تھی جس کے بعد سے لبنان میں صدر کا عہدہ خالی تھا۔
حزب اللہ کے حمایت یافتہ صدارتی امیدوار سلیمان فرنجیہ جوزف عون کے حق میں دستبردار ہوگئے تھے۔
60 سالہ جوزف عون نے مارچ 2017 لبنانی فوج کی کمان سنبھالی تھی، صدر منتخب ہونے کے بعد پارلیمنٹ سے خطاب میں جوزف عون نے کہا وہ عرب ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کے لیے کام کریں گے۔
جوزف عون نے کہا، اس وقت لبنان کے پاس شام کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کا تاریخی موقع ہے۔
جوزف عون نے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں جنوبی لبنان اور بیروت کے مضافات میں تباہ ہونے والے علاقوں کی تعیر نو کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کریں کہ لبنان میں ہتھیار رکھنے کا اختیار صرف ریاست کے پاس ہو۔