تھانہ شادمان جلانے کے مقدمہ میں یاسمین راشد اور شاہ محمود پر فرد جرم عائد ہوگئی

9 Jan, 2025 | 04:25 PM

سٹی 42:  لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی سے متعلق تھانہ شادمان  جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں  یاسمین راشد ، شاہ محمود اور دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد کردی۔ ملزموں پر زمان  پارک اور ایک دوسرے کیس میں فردِ جرم 16 جنوری کو عائد کی جائے گی۔ 

انسداد دہشت گردی عدالت  کے جج منظر علی گل نے آج  مقدمہ کی سماعت کے دوران ملزموں پر فرد جرم عائد کی، ملزموں کو فرد جرم پڑھ کر سنائی گئی۔  ملزموں نے صحت جرم سے انکار کیا۔  یاسمین راشد، صنم جاوید، شاہ محمود اور  دیگر  کئی ملزموں پر نو مئی 2023 کی شب   تھانہ شادمان پر حملے اور اسے نذر آتش کر دینے سمیت کئی سنگین الزامات ہیں۔

استغاثہ کا مؤقف ہے کہ 9 مئی 2023 کو  یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی اور دیگر ملزموں نے سوچی سمجھی سازش کے تحت  تھانہ شادمان پر حملہ کیا اور اسے نذر آتش کر دیا تھا۔ اس حملے کے دوران کئی پولیس گاڑیاں بھی جلا دی گئی تھیں، عملہ کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا اور تھانے مین موجود قیمتی سرکاری ریکارڈ ضائع کر دیا گیا تھا۔ 

  یاسمین راشد ، شاہ محمود قریشی اور صنم جاوید سمیت دیگر نے دہشت گردانہ مظاہروں کی سازش کی تھی اور اپنے کارکنوں کو  توڑ پھوڑ ، جلاو گھیراو پر اکسایا تھا جس کی وجہ سے  انسداد دہشت گردی عدالت نے ان  پر فرد جرم عائد کردی ہے ۔

آج ہی گوجرانوالہ مین بھی انسداد دہشتگردی عدالت میں نو مئی2023 کے حملوں کے مقدمہ میں یاسمین راشد، عمر سرفراز اور دیگر کی پیشی تھی لیکن ملزمہ یاسمین راشد اور ملزم عمر سرفراز چیمہ کو ویڈیو لنک پر پیش نہیں کیا گیا۔ استغاثہ نے عدالت سے درخواست کر دی تھی کہ ملزمہ یاسمین راشد کو جسمانی طور پر عدالت میں پیش کیا جائے۔  عدالت نے آج مقدمہ کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ پیشی پر مزید گواہوں کو گواہیاں ریکارڈ کروانے کے لئے طلب کر لیا۔ 

مزیدخبریں