کومل اسلم،اقصی شیخ:محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔
لاہور کا موسم سرد اور خشک ہے جبکہ فوگ میں کمی کے باعث حد نگاہ میں بہتری آئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا درجہ حرارت 16ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔شہر لاہور میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ آئندہ ہفتے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ لاہور میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 350 ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث شہر آلودہ شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کراچی میں سرد ہواؤں کا راج ہے اور پارہ 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 12 جنوری تک سردی کی شدت میں کمی متوقع ہے۔ اس وقت شہر کا موسم سرد اور مرطوب ہے، آج موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد ہے اور شمال مشرق سمت سے 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔شہر قائد میں فضائی معیار مضر ہے اور کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چودہویں نمبر پر ہے۔ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چوتھے نمبر پر موجود ہے، جہاں ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 172 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔ کراچی کے آلودہ ترین علاقوں میں کورنگی، مائے کولاچی اور گلشنِ اقبال شامل ہیں۔
دوسری جانب رپورٹ کے مطابق شمال مشرقی پنجاب میں درمیانی سے شدید جبکہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں ہلکی سے درمیانی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار اور بالائی پنجاب کے بعض علاقوں میں کہرا پڑنے, بعد از دوپہر ملک کے بیشتر جنوبی اور وسطی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔