علی رامے : وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کا تاریخ ساز اقدام، تاریخ میں پہلی باربلا سود الیکٹرک موٹر بائیکس و رکشے دیئے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے پنجاب بھر میں چنگ چی رکشے کی رجسٹریشن پروگرام کا افتتاح کر دیا، جس کے بعد پنجاب میں الیکٹرک رکشہ سازی کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ساز گار کمپنی کے سی ای او کو پہلا لائسنس دیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے چنگ چی رکشہ باڈی کے سٹینڈر زکا باقاعدہ اعلان کر دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے الیکٹرک موٹر بائیکس رکشہ اور گاڑیوں کی نمائش دیکھی۔ محسن نقوی کی الیکٹرک رکشہ میں سواری کی و الیکٹرک رکشہ کے معیار کی تعریف کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ای رکشے، موٹر بائیکس لانچنگ اور چنگ چی رجسٹریشن پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے چنگ چی رکشوں کی رجسٹریشن پراسیس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بہت محنت کی ، سب کہتے تھے کہ چنگ چی رکشوں کی رجسٹریشن کرنا ممکن نہیں لیکن محکمہ ٹرانسپورٹ نے یہ کر دکھایا - محکمہ ٹرانسپورٹ کے تمام انیشیٹوز مثالی ہیں - لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر ہے ہمیں سبق حاصل کرنا چاہیے اورآلودگی کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، بلا سود الیکٹرک بائیکس پراجیکٹ کے لیے پنجاب بینک حکومت پنجاب کی معاونت اور لیڈنگ رول ادا کر رہا ہے - طلبہ کے لئے بلا سود الیکٹرک بائیکس دینا ایک مثالی قدم ہے - چین میں فیول والی بائیکس نہیں چلتی بلکہ الیکٹرک بائیکس متعارف کرائی گئی ہیں، آئندہ تین سال میں اگر الیکٹرک بائیکس مکمل طور پر متعارف کرا دی جائیں تو ماحول پر بہت مثبت اثرات پڑیں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ طلباکو10ہزار الیکٹرک بائیکس بلاسود آسان شرائط پر دی جائیں گی، 10ہزار الیکٹرک رکشے بھی بلا سود پنجاب بینک کے تعاون سے دیئے جائینگے، سپیشل افراد کو بلا سود 2ہزار الیکٹرک تھری ویلر بائیکس دی جائیں گی، سرکاری ملازمین کو 2ہزار الیکٹراک بائیکس بلا سود دی جائیں گی، سرکاری و نجی ملازمت پیشہ خواتین کو 2ہزار الیکٹرک بائیکس دی جائینگی۔ صوبہ بھر میں سرکاری سطح پر فیول موٹر سائیکل خریدنے پر پابندی لگا دی ، سرکاری محکمے آئندہ صرف الیکٹرک بائیک ہی خرید سکیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ الیکٹرک بائیکس کو متعارف کرانا ماحول کو بہتر رکھنے کے لیے بہت ضروری ہے، الیکٹرک بائیکس کو عام کرنے کے لیے مضبوط ارادے اور کاوشوں کی ضرورت ہے، فیول والی گاڑیوں کو الیکٹرک گاڑیوں میں کنورٹ کرنے کے لیے محنت کرنی پڑے گی، آئندہ نسل کا مستقبل محفوظ کرنے کے لیے اور زندگی کے 10 سال بچانے کے لیے فیول والی گاڑیاں ترک کرنی پڑیں گی، الیکٹرک رکشے کامعیار بہت اعلیٰ ہے، آلودگی ختم کرنے کے لیے الیکٹرک رکشے بھی متعارف کرا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں اور بائیکس متعارف کرانے سے ماحول بہتر ہوگا اور انڈسٹری کو بوسٹ ملے گا، میری دعا ہے کہ پاکستان میں گاڑیاں بھی الیکٹرک ہو جائیں، آئندہ کوئی بھی ادارہ الیکٹرک با ئیک کے علاوہ کوئی بائیک نہیں خرید سکے گا۔ ایکسل لوڈ پر عمل درامد کروانا ایک مشکل کام تھا جسے محکمہ ٹرانسپورٹ نے بڑی محنت سے سرانجام دیا، لوگ احتجاج کر رہے ہیں لیکن وہ نہیں جانتے کیا کہ روڈ کے اوپر زیادہ وزن لانے کی وجہ سے کتنا نقصان ہوتا ہے ، حکومت کروڑوں لگا کر روڈز بناتی ہے اور لوگ ایکسٹرا وزن ڈال کر اسے خراب کر دیتے ہیں۔ ایکسل لوڈ مینجمنٹ امپلیمنٹیشن پر کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بڑی محنت کے ساتھ ڈرائیونگ لائسنس پر عمل درآمد کروا رہے ہیں، لاہور میں صرف 10 فیصد لوگوں کے پاس ڈرائیونگ لائسنس تھا، 70 لاکھ گاڑیاں اور 7 لاکھ ڈرائیونگ لائسنس تھے، رات دو بجے خدمت مرکز کا دورہ کیا تو دو تین سو لوگ تب بھی لائسنس بنوا رہے تھے، 15 جنوری تک پرانی فیس پر ڈرائیونگ لائسنس بنوایا جا سکتا ہے، لائسنس کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی معافی نہیں ملے گی۔