(ویب ڈیسک)وزیرِ اعظم شہباز شریف سے جینیوا میں ازبکستان کے وزیرِ خارجہ بختیار سیدوف کی ملاقات،اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جینیوا میں اہم ملاقات میں پاکستان ازبکستان کے مابین تجارت کے حجم کو بڑھانے، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی راہداری پر کام کو مزید تیز کرنے اور خطے میں پائیدار امن کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت ہوئی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے صدر ازبکستان شوکت مرزیئوف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں جلد پاکستان آنے کی دعوت دی، وزیرِ اعظم نے ازبکستان کا پاکستان کی سیلاب کے دوران امداد پر صدر مرزئیوف کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیرِ خارجہ بختیار سیدوف نے شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور ازبکستان کی پاکستان کے سیلاب زدگان کی بحالی میں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کروائی۔