ویب ڈیسک:نوجوانوں میں مقبول حالیہ دور کے گلوکار کیفی خلیل نے کراچی ایٹ فیسٹیول میں خود پر حملہ ہونے اور اس میں زخمی ہونے کی افواہوں کی تردید کی ہے۔
گزشتہ روز سے ٹوئٹر پر متعدد صارفین نے ٹوئٹس کیں اور دعویٰ کیا کہ کراچی ایٹ میں کانسرٹ کے دوران گلوکار پر بوتل سے حملہ کیا گیا جس کے بعد وہ زخمی ہوگئے اور خون بہنے لگا جس کے باعث انہوں نے کانسرٹ ادھورا چھوڑ دیا اور چلے گئے۔
کیفی خلیل نے کانسرٹ درمیان میں ہی منسوخ کرنے سے متعلق لکھا کہ میں نے اسی لیے کانسرٹ ادھورا چھوڑا کیونکہ وہاں جو ہورہا تھا وہ میرے لیے قابل برداشت نہیں تھا۔
انہوں نے انتظامیہ سے درخواست کی کہ برائے مہربانی خواتین کے لیے مناسب انتظام کیا جائے تاکہ اس قسم کے ناگوار واقعات پیش نہ آئیں، لوگ ایسے ایونٹس میں محظوظ ہونے آتے ہیں۔
گلوکار نے کہا یہ میرے ساتھ دوسری مرتبہ ہوا ہے جب بدنظمی کے باعث مجھے کانسرٹ بیچ میں چھوڑنا پڑا، ساتھ ہی انہوں نے لوگوں کو دوسروں سے عزت سے پیش آنے کا بھی کہا۔