(عمراسلم) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں محمد شہبازشریف کا سیاحوں کے اب بھی مری میں پھنسے ہونے پر شدید اظہار تشویش، اموات کو انتظامی نااہلی اور مجرمانہ غفلت قرار دیدیا۔
ن لیگ کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف نے مری میں ہزاروں گاڑیوں کے اب بھی پھنسے ہونے کی اطلاعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مری سانحہ کے بعد یہ ثابت ہو گیا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، ملک پہ صرف نالائقی ، نااہلی ، بے حسی اور ظلم مسلط ہے، ریسکیو اور ریلیف کے اقدامات میں یکجائی لائی جائے پھنسے مسافروں کی رہائش اور خوراک کے انتظامات کے علاوہ محفوظ گھروں کو واپسی یقینی بنائی جائے۔
انھوں نے کہاکہ مری میں پھنسے لوگوں کی مدد کرنے والے مقامی نیک دل افراد کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں حکومت بیان بازی اور عوام کو مورد الزام ٹھہرانے کے بجائے اپنی آئینی، قانونی اور انتظامی ذمہ داریوں کو پورا کرے معصوم بچوں سمیت دیگر وفات پانے والوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی ہے، یہ واقعہ ہمارے دل زخمی کرگیا جبکہ بروقت اقدامات ہوجاتے اور انتظامی سوجھ بوجھ سے کام لیا جاتا تو اتنابڑا حادثہ نہ ہوتا ہے، بے حد افسوس ہےانھوں نے کہاکہ فوج اور رینجرز کا ریلیف اور ریسکیو آپریشن لائق تحسین ہے۔