مرکزی تاجر رہنما نعیم میر گرفتار

9 Jan, 2021 | 02:41 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42 : مرکزی تاجر رہنما نعیم میر کو فیصل آباد سے گرفتار کرلیا گیا۔

فیصل آباد پولیس نے نعیم میر کو گھنٹہ گھر چوک پر  پریس کانفرنس کے بعد گرفتار کیا ، نعیم میر کو فیصل آباد سے لاہور منتقل کیا جائے گا ،مرکزی سیکرٹری جنرل آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میرنے گرفتاری کی تصدیق کردی۔

اس سے قبل فیصل آباد پولیس کی جانب سے انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر کی گرفتاری کی کئی بار کوشش کی گئی ۔ نعیم میر کوبتایا گیا کہ وہ تھانہ نیوانارکلی پولیس لاہور کو ایک مقدمہ میں مطلوب ہیں۔تاہم فیصل آباد پولیس مطلوبہ مقدمہ میں نعیم میر کی نامزدگی کا ریکارڈ ہی پیش نہ کرسکی اور تاجر قائدین ووکلا رہنما کے اکٹھے ہونے پر نعیم میر کو گرفتاری کیے بغیر واپس لوٹ گئی ۔

لاہورکی تاجر برادری نے اس تمام تر واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ، بادامی باغ ،شاہدرہ ،اعظم کلاتھ سمیت متعدد مارکیٹوں کے تاجر قائدین وقار احمد میاں،میاں خلیل عبیر، فاروق حفیظ سمیت دیگر نے نعیم میر کی گرفتاری کی کوششوں کی شدید مذمت کی ۔تاجروں نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنے کی پاداش میں جبری ہتھکنڈوں ،ظلم وزیادتی سے باز رہے، ورنہ ملک بھر کی تاجر برادری سڑکوں پر ہوگی۔

دوسری جانب پولیس نے موقف اختیار کیا ہے کہ معروف تاجر رہنما نعیم میر کو باقاعدہ طورپر رہاکردیا گیا ،سٹی پولیس آفیسر سہیل چودھری نے نعیم میر کی رہائی کا حکم دیا تھا ،لاہور پولیس حکام سے رابطوں میں نعیم میر کی بے گناہی ثابت ہوئی،پولیس حکام نعیم میر کو لاہور پولیس کے حوالے کیاجانا تھا، ایم پی اے علی عباس کی مداخلت پر نعیم میر کو رہائی ملی نعیم میر کو مبینہ اشہتاری ہونے پر سول لائن پولیس نے چناب کلب سے گرفتارکیا تھا۔

مزیدخبریں