علی رامے: بادامی باغ کو بزنس سنٹر بنانے کا حتمی تخمینہ فائنل کرلیا گیا، بادامی باغ اور لاری اڈے پر بزنس سنٹر بنانے کے لئے 24 ارب 97 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور اس سنٹر سے 55 ہزار لوگوں کو روزگار بھی ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت بادامی باغ میں واقع لاری اڈے اور اس اطراف میں 280 کنال کی زمین پر بزنس سنٹر بنانے جارہی ہے ، بزنس سنٹر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بنے گا ، منصوبے پر حکومت پنجاب نے مجموعی طور تعمیراتی کام کے حوالے سے 24 ارب روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایاہے جبکہ حکومتی پلان کے مطابق تین سال میں 280 کنال سے زائد کی اراضی پر بزنس سنٹر کی تعمیر ہوگی ۔
حکومت پنجاب کا دعویٰ ہے کہ بادامی باغ بزنس سنٹر سے 55 ہزار لوگوں کو روزگار ملے گاجبکہ اس بزنس سنٹر سے حکومت سالانہ 6 سے 7 ارب روپے کا ریونیو بھی جمع کرے گی، بزنس سنٹر سے بادامی باغ میں کاروباری حجم 12 سال میں 116 ارب روپے تک ہوگا، اعلی حکام کے مطابق اس منصوبے پر ابھی مزید بہتر ی کیلئے مشاورت جاری ہے اور جلد سرمایہ کاروں سے منصوبے کی تکمیل بارے ایس او پیز طے کیے جائیں گے ۔