لاہور ہائیکورٹ میں موسم سرما کی تعطیلات ختم

9 Jan, 2021 | 11:15 AM

Sughra Afzal

(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ میں موسم سرما کی 15 روزہ تعطیلات ختم ہوگئیں، عدالت عالیہ کے ارجنٹ سیل میں آج سے تمام نوعیت کی درخواستوں کی وصولی شروع ہوگئی، ہائیکورٹ میں 11 جنوری سے تمام نوعیت کے مقدمات کی باقاعدہ سماعت کا آغاز ہوجائے گا۔

لاہور ہائیکورٹ میں پرنسپل سیٹ پر پیر سے نیب، انسداد دہشتگردی، منشیات سمیت دیگر کیسز کی بھی سماعت شروع ہوجائے گی، چیف جسٹس محمد قاسم خان سمیت 26 ججز پرنسپل سیٹ پر سماعت کریں گے، چیف جسٹس محمد قاسم خان اور جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل بنچ تمام نوعیت کی درخواستوں پر سماعت کرے گا، جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ منشیات اور فوجداری کیسز،جسٹس عائشہ اے ملک اور جسٹس شمس محمود مرزا بینکنگ، انٹراکورٹ اپیلوں اور جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ قتل سمیت دیگر فوجداری اپیلوں کی سماعت کرے گا، جسٹس سرفراز احمد ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل دورکنی بنچ نیب کیسز اور جسٹس طارق سلیم شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ انسداد دہشتگردی سمیت فوجداری کیسز کی سماعت کرے گا۔

جسٹس عائشہ اے ملک امریکہ سے واپسی پر پچیس جنوری سے پرنسپل سیٹ پر سماعت کریں گی، جسٹس عاطر محمود پندرہ جنوری جبکہ جسٹس محمد طارق عباسی 30 مارچ تک پرنسپل سیٹ پر سماعت کریں گے، دو رکنی بنچ میں شامل تمام ججز سنگل بنچ کی حیثیت سے بھی سماعت کریں گے، جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس شاید وحید، جسٹس عالیہ نیلم سمیت دیگر ججز صرف سنگل بنچ کی حیثیت سے سماعت کریں گے۔

مزیدخبریں