( فہد علی ) ڈاکوؤں کی لاہور پولیس کو ایک اور سلامی، خیابان امین سوسائٹی میں یکے بعد دیگرے تین ڈکیتی کی واراداتیں، آٹھ ڈاکو تین گھروں سے تیس لاکھ مالیت کے طلائی زیورات سمیت نقدی اور قیمتی اشیا لوٹ کر فرار ہوگئے۔
شہر بھر میں ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں نے لاہور پولیس کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے۔ خیابان امین میں علی الصبح تین گھروں میں ڈکیتی کی وارادتیں ہوئیں۔ متاثرہ شہری محمد افتخار کا کہنا تھا کہ آٹھ مسلحہ ڈاکوؤں نے بچوں پر تشدد کیا اور تقریبا 13 لاکھ مالیت کے زیورات سمیت دو لاکھ نقدی، ایک لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور بچوں کے کپڑوں سمیت دیگر قیمتی اشیا لیکر فرار ہوگئے۔
دوسرے متاثرہ شہری راؤ عشر کا کہنا تھا کہ ڈاکو ان کے گھر میں کھڑکی کی سلاخیں کاٹ کر داخل ہوئے اور تمام گھر والوں کو یرغمال بنا لیا۔ ڈاکو گھر میں موجود چھ تولے سونا، نقدی اور بچوں کے کپڑے لیکر فرار ہوگئے جبکہ تیسرے گھر سے ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل اور نقدی لوٹی۔
متاثرین کا کہنا تھا کہ تمام ڈاکوؤں نے اپنے چہرے ڈھانپ رکھے تھے جس کی وجہ سے انکی پہچان نہیں ہوسکی جبکہ پولیس کو اطلاع کرنے پر ڈیڑھ گھنٹے بعد اہلکاروں موقع پر پہنچے، تاہم ابھی تک مقدمہ بھی درج نہیں کیا گیا۔