حسن خالد:بوستان کالونی میں واسا کا ٹھیکیدار سیوریج پائپ ڈالنے کی غرض سے علاقے کی کھدائی کرنے کے بعد غائب ہوگیا،کئی فٹ گہرے گڑھے اور ٹوٹی گلیاں حادثات کا باعث بننے لگیں۔
تفصیلات کے مطابق اہل علاقہ واسا انتظامیہ کے خلاف سراپا احتجاج۔ کوٹ لکھپت کا علاقہ بوستان کالونی گلی نمبر 3 جہاں واسا کا ٹھیکیدار سیوریج ڈالنے کی غرض سے کئی فٹ گہرے گڑھے کھدائی کرنے کے بعد کام ادھورا چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
پندرہ روز سے علاقے کی گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکارہیں جبکہ کھلے مین ہول حادثات کا سبب بننے لگے۔ ٹھیکیدار کی غفلت کے باعث اہل علاقہ گھروں پر محصور ہوکر رہ گئے۔
ناقص سیوریج سسٹم ،10 فٹ گہرے گڑھے اور گلی کی تعمیر بروقت نا ہونے پر اہل علاقہ نے واسا کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ گھروں کے باہر کھدائی میں متعدد بچے اور بوڑھے گر کر زخمی ہوچکے ہیں، دو ہفتے گزرنے کے باوجود کسی نے پلٹ کر نہیں دیکھا۔
محکمہ کے نااہل افسران اور ٹھیکیدار کی غفلت پر اہل علاقہ سخت نالاں ہیں،،انہوں نےاعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے.