شاہد ندیم: لیسکو چیف واجد علی کاظمی کی ہدایت پر ایک سو چھتیس فیڈرز کی اپ گریڈیشن مکمل کر لی گئی، جبکہ چھتیس فیڈرز کی اپ گریڈیشن کا کام جون سے قبل مکمل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں ایک سوبہتر الیون کے فیڈرز اوورلوڈ ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔ لیسکو چیف واجد علی کاظمی نے ایک سال قبل عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد اوور لوڈ فیڈرز کی نشاندہی کی اور ان فیڈرز کی اپ گریڈیشن کے احکامات جاری کئے، لیسکو کے شعبہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے مذکورہ فیڈرز پر کام کر کے کنسٹرکشن ڈیپارٹمنٹ کو بھجوایا جس کے بعد ایک سو چھتیس فیڈرز کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ چھتیس فیڈرز کی اپ گریڈیشن کا کام جون سے قبل مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
لیسکو میں ایک سو بہتر فیڈرز چار سو ایمپئرز سے زائد لوڈ پر چل رہے تھے جس کی وجہ سے صارفین کو ٹرپنگ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑتا تھا تاہم اپ گریڈیشن کے بعد یہ مسائل کم ہو جائیں گے اور صارفین بلا تعطل بجلی حاصل کر سکیں گے۔