(ناصر علی) لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع پانچ منزلہ ڈیپارٹمنٹل سٹور میں آگ لگنے سے کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا، جبکہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
تفصیلات کے مطابق گلبرگ لاہور میں منی مارکیٹ کے قریب واقع ایک پانچ منزلہ ڈیپارٹمنٹل سٹور میں صبح سویرے تقریبا ساڑھے پانچ بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے پانچوں منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ریسکیو اور ضلعی فائر بریگیڈ سروس کی تقریبا 2 درجن گاڑیوں اور دو اسنار کل نے امدادی آپریشن میں حصہ لیا.امدادی ٹیموں نے تین گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی اطلاع تاخیر سے دی گئی، جس کے باعث آگ شدت اختیار کرگئی، تاہم پندرہ منٹ کے ریسپونس ٹائم میں ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی تھیں۔
پلازہ مالکان کا کہنا ہےکہ آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، جس کے نتیجے میں کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق آگ کے باعث عمارت کا بنیادی ڈھانچہ بھی بظاہر مکمل طور پر ناقابل استعمال ہو چکا ہے۔
مزید جاننے کیلئے ویڈیو دیکھیں