ویب ڈیسک : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کے بارے میں پیش گوئی کرنا قبل ازوقت ہے۔
جھنگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان بٹ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی میں ہوم گراؤنڈ کا فائدہ حاصل ہے، چیمپئنز ٹرافی کے لیے جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اوربھارت اچھی ٹیمیں ہیں،چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کے بارے میں پیش گوئی کرنا قبل ازوقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ٹیم کی سلیکشن ہوئی تو بہت سے لوگوں کو تحفظات تھے، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا سے سیریز جیتنے والی ٹیم میں 4 تبدیلیاں حیران کن ہیں۔ جیتی ہوئی ٹیم میں 4 پلیئرز کا کم بیک ہوا ہے، جب ٹیم جنوبی افریقا اور آسٹریلیا سے جیت کر آتی ہے تو اس میں زیادہ تبدیلیاں نہیں ہوتیں۔
سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ سے میچ میں اسپیشلسٹ بالرز کو مار پڑی ہے، اب اسپنرز کو زیادہ محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیوزی لینڈ سے 50 اوورز کے میچ بہترین پارٹنر شپ سے جیتے جاسکتے ہیں، فخر زمان کے علاوہ کوئی بھی جم کر نہیں کھیل سکا، 300 رنز کے ہدف میں ایک سنچری تو ضروری ہے۔