عرفان ملک: لاہور ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کا مسافروں کی سخت سکریننگ کا عمل جاری، جس میں ان کے سفری ریکارڈ کا مکمل جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ایف آئی اے کے ڈائریکٹر لاہور نے بتایا کہ رواں سال 2501 مسافروں کو جعلی، مشتبہ یا نامکمل دستاویزات کی بنیاد پر آف لوڈ کیا گیا۔ جعلی دستاویزات کی بنیاد پر 8 مسافروں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ گداگری میں ملوث 14 مسافروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق رواں سال کے دوران پنجاب پولیس کو مطلوب 9 ملزمان کی بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ مزید برآں، جعلی دستاویزات کے معاملے میں 79 مسافروں کو گرفتار کیا گیا اور گداگری میں ملوث 75 مسافروں کو بھی گرفتار کیا گیا۔
تمام گرفتار ملزمان کو مزید تحقیقات کے لیے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا۔ سال 2024 کے دوران پنجاب پولیس کو مطلوب 57 ملزمان کی بیرون ملک فرار کی کوشش بھی ناکام بنائی گئی، جنہیں بعد ازاں پنجاب پولیس کے حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا اور یہ سنگین مقدمات میں پنجاب پولیس کو مطلوب تھے۔