سٹی42: پاکستان مسلم لیگ نون کو گوجرانوالہ شہر میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ مسلم لیگ نون کے سابق وفاقی وزیر دفاع اور وزیر بجلی خرم دستگیر خان مخالفت کے سیلاب کی نذر ہو گئے۔
گوجرانوالہ شہر کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 78کے 319پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق کچھ ہفتے پہلے تک غیر معروف آزاد امیدوار مبین عارف جٹ 106169ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار اور نواز شریف کے قریبی ساتھی خرم دستگیرخان 88308ووٹ لے سکے۔
گوجرانوالہ کے نواحی علاقوں اور ایمن آباد شہر پر مشتمل قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 79 میں بھی مسلم لیگ نون کو شکست کا کڑوا گھونٹ پینا پڑا۔ یہاں 376پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق آزاد امیدوار احسان اللہ ورک 104023ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوارذوالفقار بھنڈر کو 99635 ووٹ ملے۔