سٹی42: استحکام پاکستان پارٹی کے چئیرمین قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 149 سے الیکشن ہار گئے۔ اس حلقہ میں جیت آزاد امیدوار عامر ڈوگر 143613 کے حصہ میں آئی ہے۔
ملتان۔ استحکام پاکستان پارٹی کے جہانگیر ترین کو 50166 ووٹ ملے۔ انہیں مسلم لیگ نون کی اس حلقہ مین مکمل حمایت حاصل تھی تاہم لودھراں کے حلقہ میں مسلم لیگ نون کے امیدوار صدیق بلوچ نے ان کے لئے نشست خالی کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد مسلم لیگ نون نے لودھراں کے حلقہ این اے 155 میں جہانگیر ترین کے مقابلے میں صدیق بلوچ کو ٹکٹ دیا۔ لودھراں مین اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق جہانگیر ترین صدیق بلوچ سے کافی پیچھے تھے۔ اس حلقہ کے نتائج اب تک سامنے نہیں آئے۔ عامر ڈوگر ملتان کے شہردار سیاست دان ہیں۔ ان کے والد ملتان کے مئیر بھی رہے۔ عامر ڈوگر پہلے اس حلقہ سے دو مرتبہ الیکشن جیت چکے ہیں۔
جہانگیر ترین استحکام پاکستان پارٹی کے بانی چئیرمین ہیں۔ یہ پارٹی بنانے سے پہلے وہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل رہے اور اس سے پہلے وہ مسلم لیگ نو ن کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔ جہانگیر ترین پی ٹی آئی کی حکومت میں اہم ترین وزارت پر فائض رہے تاہم بعد ازاں بانی پی تی آئی کے ساتھ اختلافات کے بعد وہ پی ٹی آئی سے الگ ہو گئے تھے۔ جہانگیرترین کو سپریم کورٹ نے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نا اہل بھی قرار دے دیا تھا، گزشتہ ماہ ہی سپریم کورٹ کے ایک فیصلہ کے بعد ان کی تاحیات نا اہلی ختم ہوئی ہے۔