نعرہ تکبیر لگانے والی بہادر طالبہ مسکان کیلئے انعام کا اعلان

9 Feb, 2022 | 02:54 PM

Sughra Afzal

کرناٹک(مانیٹرنگ ڈیسک)جمعیت علماء ہند نے بھارتی ریاست کرناٹک کے کالج میں  انتہا پسند جتھے کے سامنے ڈٹ جانیوالی بہادر طالبہ مسکان خان کیلئے انعام کا اعلان کردیا۔

بھارتی ریاست کرناٹک میں ہندو انتہا پسندوں نے باحجاب طالبات پر زندگی تنگ کردی، گزشتہ روز کرناٹک میں کالج جانے والی طالبہ کو انتہا پسندوں نے ڈرایا دھمکایا لیکن طالبہ نے بھی ڈٹ کر ہراساں کرنے والوں کا مقابلہ کیا اور ڈرنے کے بجائے نعرہ تکبیر بلند کردیا ،جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔  سوشل میڈیا صارفین مسکان خان کی ہمت اورجرات کی داد دے رہے ہیں، اللہ اکبر پاکستان میں ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

دوسری جانب جمعیت علماء ہند نے کالج میں انتہا پسند جتھے کے سامنے ڈٹ جانیوالی طالبہ کیلئے انعام کا اعلان کردیا، جمعیت علماء  ہند کے سربراہ مولانا محمود مدنی نے طالبہ مسکان خان کیلئے 5 لاکھ بھارتی روپے انعام کا اعلان کیا۔

 بھارت میں ہندوانتہاپسند طلبا  کے نرغے میں نعرہ تکبیربلند کرنے والی مسکان خان  کا بیان بھی سامنے آگیا، سکینڈ ائیر کی طالبہ مسکان خان کا کہنا  کہ وہ اسائنمنٹ جمع کرانے کالج گئی تھیں، انہیں برقع پہننے کی وجہ سے کالج میں داخل نہیں ہونے دیا جارہا تھا، کسی نہ کسی طرح کالج میں داخل ہوئیں توہندوانتہاپسند طلبا نے پیچھا کرنا شروع کیا اورجے شری رام کے نعرے لگائے، ان نعروں اورہندوانتہاپسند طلبا سے خوف زدہ ہونے کے بجائے انہوں نے جوابی کارروائی کرنا ضروری سمجھا اوراللہ اکبر کا نعرہ لگایا۔

مزیدخبریں