نشتر پارک (حافظ شہباز علی) نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں محکمہ سپورٹس پنجاب کے تعاون سے پی ایس ایل سیون کیلئے 20بیڈز پر مشتمل عارضی ہسپتال قائم کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کے میس میں قائم ہونے والے ہسپتال میں مختلف ٹیسٹ کی سہولت اور میڈیسن بھی دستیاب ہونگی، ہسپتال میں سینئر ڈاکٹرزاور نرسز سٹاف موجود ہوں گے۔
ڈی جی سپورٹس پنجاب جاوید چوہان کا کہنا تھا کہ محکمہ سپورٹس پنجاب نے پی ایس ایل سیون کے انعقاد کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں ،سپورٹس بورڈ پنجاب اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے 472کیمروں سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔
علاوہ ازیں پی ایس ایل کی سکیورٹی مانیٹرنگ کیلئے محکمہ داخلہ میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا، محکمہ داخلہ کا یہ کنٹرول روم چوبیس گھنٹے کام کرے گا,ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی اس کنٹرول روم کےسربراہ ہونگے, کنٹرول روم میں محکمہ داخلہ کے دیگر افسران کی بھی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں,یہ کنٹرول روم سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں سے مربوط ہوگا۔
محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کے روٹ کی لائیو مانیٹرنگ کی جائے گی، جبکہ سکیورٹی پر مامور عملے اور شہریوں کی نقل و حرکت پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی۔