(درنایاب) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی بھی ارکان اسمبلی کی ’’خدمت‘‘ کی دوڑ میں لگ گئی، ایل ڈی اے نے ترقیاتی سکیموں کے نام پر خزانے کا منہ کھولنے کا فیصلہ کرلیا، لاہور کے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کیلئے 59 ترقیاتی سکیمیں تیار کرلی گئی ہیں، جن کی مالیت ایک ارب 92 کروڑ 80 لاکھ روپے ہے۔
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( ایل ڈی اے) نے لاہوری ارکان صوبائی و قومی اسمبلی کیلئے 59 سکیموں کے عوض 1 ارب 90 کروڑ 80 لاکھ کا ڈویلپمنٹ پیکج تیار کیا ہے، وفاقی وزیر حماد اظہر کا حلقہ 31 کروڑ کی لاگت 18 ترقیاتی سکیموں کیساتھ سرفہرست ہے، ایم پی اے ملک اسد کھوکھر کے حلقہ میں 17 کروڑ 40 لاکھ کی لاگت سے 5 ترقیاتی سکیمیں، ایم پی اے چودھری امین کے حلقہ میں 10 کروڑ 70 لاکھ کی لاگت سے دو سکیمیں شامل ہیں۔
سینیئر وزیر عبدالعلیم خان کے حلقہ میں 13 کروڑ 40لاکھ کی لاگت سے12 سکیمیں، صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کے حلقہ میں 2 کروڑ 80 لاکھ کی لاگت سے چار سکیمیں اور ملک سرفراز کھوکھر، کرنل (ر) ہاشم ڈوگر کے حلقہ میں 18 کروڑ 40 لاکھ کی لاگت سے پانچ سکیمیں شامل ہیں۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کے حلقہ میں 16 کروڑ 40 لاکھ کی 4 سکیمیں، ایم پی اے نذیر چوہان کے حلقہ میں 4 کروڑ چالیس لاکھ کی لاگت سے ایک سکیم ، صوبائی وزیر محمودالرشید کے حلقہ میں 6 کروڑ کی لاگت سے ایک سکیم اورایم پی اے ندیم عباس بارا کے حلقہ میں 7 کروڑ کی لاگت سے ایک سکیم شامل کی گئی ہے، مجوزہ سکیموں کی حتمی منظوری ایل ڈی اے کی ڈویلپمنٹ سکروٹنی کمیٹی دے گی۔