ہال روڈ (جنید ریاض) طلبا کیلئے سکول لیونگ سرٹیفکیٹ لازمی قرار، ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کا بغیر سرٹیفکیٹ داخلہ دینے والے اداروں کیخلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ، خلاف قانون طلبا کو داخلہ دینے والے اداروں کو 25 سے 40 ہزار روپے جرمانہ کیا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لیونگ سرٹیفکیٹ کے بغیر سکولوں میں داخلہ خلاف قانون ہے، بیشتر نجی سکولوں میں لیونگ سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر والدین سے چند ہزار روپے وصول کرکے داخلہ دے دیا جاتا ہے، اب ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے خلاف ورزی کرنے والے اداروں کو جرمانہ عائد کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں 25 سے 40 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے، ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے بغیر سرٹیفکیٹ کے داخل کیے گئے بچوں سے دو ہفتوں میں سرٹیفکیٹ وصول کیے جانے کی ہدایت کی ہے۔ ایجوکیشن اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ قوانین کے مطابق کسی بچے کو بغیر سرٹیفکیٹ داخلہ نہیں دیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو نئے داخلے کیلئے (ب) فارم کی شرط کا پابند کردیا، اب سرکاری سکولز میں آئندہ کوئی بھی بچہ (ب) فارم کے اندراج کے بغیر داخل نہیں ہوگا، (ب) فارم کے بغیر داخلے کی صورت میں طلبا کی ذمہ داری متعلقہ سربراہ پر عائد ہوگی، نئے ورژن میں سابقہ طلبا کے (ب) فارم کی تاریخ میں 28 فروری تک توسیع کا خانہ بھی شامل کردیا گیا۔