وحدت روڈ (اکمل سومرو) لاہور کے سرکاری کالجوں میں 10 نئی ڈگریوں کے اجراء کا فیصلہ، شہر کے16 سرکاری کالجوں میں بی ایس فوڈ سائنسز، بی ایس میڈیکل لیب ٹیکنالوجی، میڈیکل بائیو ٹیکنالوجی کی ڈگریاں شروع ہوں گی، نئی ڈگریوں کے اجراء کا ورکنگ پیپر بھی مکمل کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بی ایس آنرز میں 10 نئی ڈگریاں شروع ہوں گی، لاہور کے کالجوں میں ڈی فارمیسی، بی ایس آنرز فوڈ نیوٹریشن، بی ایس آنرز سافٹ ویئر انجینئرنگ ، بی ایس فوڈ سائنسز، بی ایس میڈیکل لیب ٹیکنالوجی، میڈیکل بائیو ٹیکنالوجی، بی ایس ٹیکسٹائل ڈیزائننگ، بی ایس ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ، بی ایس الیکٹرانکس اور بی ایس ڈیٹا سائنس کی نئی ڈگری شروع ہو گی۔ پہلے فیز میں لاہور میں 8 لڑکوں اور 8 لڑکیوں کے سرکاری کالجوں میں نئی ڈگریوں کا اجراء ہوگا، بی ایس آنرز ڈگریوں کے اجراء کیلئے ڈی پی آئی کالجز این اوسی جاری کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کے 16 سرکاری کالجوں میں نئے بی ایس پروگرامز کوپنجاب یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کیساتھ الحاق کیا جائے گا، نئے ڈگری پروگرامز کیلئے اساتذہ کی بھرتیاں کی جائیں گی۔ ان کالجوں میں اسلامیہ کالج برائے خواتین کینٹ، خواتین کالج سمن آباد، اسلامیہ کالج کوپر روڈ، فاطمہ جناح کالج چونا منڈی، خواتین کالج وحدت کالونی شامل ہیں۔ اسلامیہ کالج سول لائنز، ایم اے او کالج، سائنس کالج وحدت روڈ، گورنمنٹ کالج ٹاؤن شپ، گورنمنٹ کالج ماڈل ٹاؤن، گورنمنٹ کالج فار بوائز گلبرگ، ویمن کالج گلبرگ میں بی ایس آنرز کے نئے پروگرامز جاری ہوں گے۔