(علی رامے) محکمہ آبپاشی کے 21 ایگزیکٹو انجینئرز کو سپرنٹنڈنٹ کے عہدوں پر ترقی مل گئی، سلیکشن بورڈ کی منظوری اور ہدایات پر محکمہ آبپاشی نے 21 افسران کو گریڈ 18 سے 19 میں ترقی دینے کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے صوبائی سلیکشن بورڈ "ون" کے اجلاس میں محکمہ آبپاشی کے افسران کی ترقیوں کی منظوری دی گئی، جس کے بعد سیکرٹری محکمہ انہار کیپٹن (ر) سیف انجم نے گریڈ 18 کے ایگزیکٹیو انجینئرز کو گریڈ 19 میں سپرنٹنڈنٹ کے عہدوں پر ترقی دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ آبپاشی نے سلیکشن بورڈ کی منظوری کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا، لاہور سے ترقی پانے والے افسران میں محمد عارف بھٹی، خلیل عباس، آغا احسان اللہ اور ارشد مجید شامل ہیں، جبکہ ایگزیکٹو انجینئر عبدالشکور اور نعیم اشرف گھمن کو بھی گریڈ انیس میں سپرنٹنڈنٹ کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔