ق لیگ کے تحفظات دور کرنے کیلئے حکومت نے مہلت مانگ لی

9 Feb, 2020 | 08:30 PM

Arslan Sheikh

( علی اکبر ) حکومت کی مذاکراتی ٹیم کا اپنی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کی قیادت سے رابطہ، تحریک انصاف نے ق لیگ کے تحفظات دور کرنے کیلئے ملاقات کا وقت مانگ لیا۔ 

مسلم لیگ (ق) سے تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کے ممبران نے رابطہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق مذاکراتی ٹیم نے ق لیگ کے تحفظات دور کرنے کیلئے کل ملاقات کا وقت مانگا ہے۔ کل لاہور میں ہونے والی ملاقات میں تحریک انصاف اپنی اتحادی جماعت کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کرے گی۔

ذرائع کے مطابق مذاکراتی کمیٹیوں کے چیئرمین پرویز  خٹک اور وفاقی وزیر اسد عمر کو بھی مذاکراتی کمیٹی میں شامل  کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔  پنجاب کمیٹی ارکان نے وفاقی رہنماؤں کو بات چیت میں شریک ہونے کی تجویز دی، پنجاب کمیٹی میں گورنر پنجاب، وزیراعلیٰ اور وفاقی وزیر شفقت محمود شامل ہیں۔  ارکان کا موقف ہے کہ ق لیگ سے جو بھی معاملات طے پائیں وفاق کو علم ہونا چاہیئے۔ 

واضح رہے کچھ روز قبل ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے پارٹی کے اعلیٰ سطح کے ہنگامی اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ پہلے طے شدہ معاملات پر عملدرآمد کیا جائے پھر پی ٹی آئی سے اگلی بات ہوگی جبکہ چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ تبدیلی اچھی بات ہے مگر بار بار تبدیلی کی اچھی روایت نہیں۔

اجلاس میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہیٰ، سینیٹر کامل علی آغا، ارکان قومی اسمبلی مونس الہیٰ اور حسین الہیٰ کے علاوہ ڈاکٹر خالد رانجھا، سلیم بریار، میاں منیر، عالمگیر ایڈووکیٹ، جہانگیر اے جھوجہ ایڈووکیٹ، آمنہ الفت، شیخ عمر حیات اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی تھی۔ اجلاس میں وزیراعظم، حکومتی پارٹی کے ارکان کے بیانات، حکومت کے ساتھ تعلقات اور پی ٹی آئی کی نئی مذاکراتی ٹیم کی تشکیل اور ملکی صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں